ریجنل انفارمیشن آفس ڈیرہ اسماعیل خان
ڈیرہ اسماعیل خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم محسود نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول اور اس سلسلے میں شکایا ت کا ازالہ انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی کنٹرولنگ، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی، خود ساختہ مہنگائی اور ملاوٹ کے تدارک کیلئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے کے دوران 1500سے زائد دکانوں کو چیک کیا گیا اور 10لاکھ روپے تک جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سرکٹ ہاؤس میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کھلی کچہری میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، اسسٹنٹ کمشنر ز، محکمہ لائیوسٹاک، حلال فوڈ اتھارٹی، فوڈ، پولیس اور لیبر کے افسران و نمائندوں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں اور عوام الناس نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران اشیاء خوردونوش کی قیمتوں و دیگر مسائل کی نشاندہی کی گئی جن میں آٹے کے کوٹے، ہوٹلوں پر روزمرہ کے کھانے پینے کے اشیاء کے نرخنامے کی پابندی نہ ہونا، سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں نہ کرنے، گوشت کی قیمتوں میں خود ساختہ مہنگائی جیسے مسائل شامل تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جہاں ایک طرف صارف کی جانب سے قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق شکایات ہوتی ہیں وہیں جب جرمانے کیے جائیں تو زیادتی کی شکایات رہتی ہیں جبکہ ہمارا مقصد عام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے کیونکہ مہنگائی بڑھنے سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرمانوں کا مقصد اصلاح کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی جانب سے پرائس کنٹرول و دیگر متفرق مسائل کی نشاندہی میں خدمات حاصل کی جائیں گی جبکہ ایک ہفتے میں ٹائیگر فورس کے فعال رضاکاروں کے کارڈز کا اجراء بھی کر دیا جائیگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے کہاکہ قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کی بنیادی جگہ سبزی و فروٹ منڈی ہے لہذا وہاں پر ہونے والی کافی خلاف ورزیوں کو ٹھیک کر دیا گیا ہے جس کے اثرات سامنے بھی آ رہے ہیں۔ دکانداروں کو سرکاری جاری کردہ نرخنامے نمایاں جگہ آویزاں کرنے کا پابند بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں میرے دفتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے ہیں جبکہ پاکستان سٹیزن پورٹل بھی کافی شکایات موصول ہوتی ہیں جن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا تا ہے۔ آٹے کے حوالے سے قیمتوں کی شکایات کے ازالے کیلئے مختلف فکسڈ اور موبائل پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن کے ذریعے گورنمنٹ سبسڈائزڈ ریٹ پر آٹے کی دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
If you have any doubts, Please let me Know